ترکیہ میں دہشتگردی سے پاک ترکیہ منصوبے کے لیے اہم پیش رفت
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان قرتلموش نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی سے متعلق پیش کیا گیا بل ملک کو دہشتگردی سے پاک بنانے کے مقصد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر جاری بیان میں نعمان قرتلموش نے کہا کہ اس قانون سازی کے اقدام نے مختلف نظریات رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو ایک مشترکہ قومی مقصد پر متحد کیا ہے، جس سے قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی نقطۂ نظر رکھنے والے حلقوں کو ایک اہم مشترکہ نقطے پر جمع کرنے والا یہ عمل ملک کے اندرونی استحکام، قومی اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا بل پارلیمانی قومی یکجہتی، اخوت اور جمہوریت کمیشن کی تیار کردہ رپورٹ کی بنیاد پر ترک پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے۔پارلیمنٹ اسپیکر نے کمیشن کے کام کو جمہوریت کی ایک منفرد مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل نے ریاستی تجربات اور عوامی اجتماعی دانش کو پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم پر یکجا کیا ہے۔