15 جولائی نے ثابت کیا، ترک قومی ارادہ کبھی شکست نہیں کھائے گا: ہاکان فیدان
انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ 15 جولائی 2016 کی ناکام فوجی بغاوت نے ثابت کردیا کہ ترک قوم کا قومی ارادہ کسی بھی سرپرستانہ قوت یا دہشتگرد تنظیم کے سامنے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔یومِ جمہوریت اور قومی اتحاد کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں ہاکان فیدان نے کہا کہ 15 جولائی وہ دن ہے جب ترکیہ نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ قومی ارادہ کسی بھی سازشی قوت، غدار نیٹ ورک یا خفیہ منصوبے کے سامنے نہیں جھکے گا۔انہوں نے کہا کہ فتح اللہ دہشتگرد تنظیم (ایف ای ٹی او) کی جانب سے کی جانے والی بغاوت کی کوشش کو صدر رجب طیب اردوان کی پُرعزم قیادت، ترک عوام کی بے مثال بہادری اور ریاست کے مضبوط عزم کے باعث ناکام بنایا گیا۔ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ جن عناصر نے یہ سمجھا کہ ٹینکوں، ہتھیاروں اور دھمکیوں کے ذریعے ترک عوام کی آواز دبائی جا سکتی ہے، انہیں ان لاکھوں شہریوں کے سامنے شکست کا سامنا کرنا پڑا جو ریاست اور جمہوریت کے دفاع کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس رات قوم میں اتحاد اور یکجہتی کے جذبے نے ترکیہ کے خلاف کیے جانے والے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔