استنبول ایئرپورٹ کا نیا ریکارڈ، ایک دن میں 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد مسافروں کا سفر
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے استنبول ایئرپورٹ نے مسافروں کی آمد و رفت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جہاں ایک ہی دن میں 2 لاکھ 89 ہزار 260 مسافروں نے سفر کیا۔ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو نے اپنے بیان میں بتایا کہ یکم اگست کو استنبول ایئرپورٹ نے ملکی اور یورپی سطح پر یومیہ مسافروں کی سب سے زیادہ تعداد کا نیا ریکارڈ بنایا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ استنبول ایئرپورٹ بین الاقوامی فضائی سفر میں اپنی اسٹریٹجک اہمیت کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق استنبول ایئرپورٹ اپنی وسیع گنجائش، جدید انفراسٹرکچر اور معیاری خدمات کے باعث دنیا کے نمایاں ہوائی اڈوں میں شامل ہو چکا ہے۔عبدالقادر اورال اوغلو نے کہا کہ مسافروں کی ریکارڈ تعداد نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ استنبول ایئرپورٹ عالمی فضائی رابطوں کے اہم مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر رہا ہے۔