اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ امن معاہدہ اپنی تکمیل کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے اور صورتحال پہلے کے مقابلے میں زیادہ امید افزا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں کے دوران بعض عناصر کی جانب سے گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوششوں سے مکمل آگاہی ہے، جو امن عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام قیاس آرائیوں کے برعکس یہ تصدیق کی جا سکتی ہے کہ مجوزہ امن معاہدے کا متفقہ اور حتمی متن طے پا چکا ہے۔وزیراعظم کے مطابق پاکستان دونوں فریقوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے آئندہ مراحل کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے یہ ایک اہم پیش رفت ہے اور امن معاہدہ آج جتنا قریب ہے، ماضی میں کبھی نہیں تھا۔