تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے متعلق ایک اہم معاہدہ تقریباً حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا امکان بھی شامل ہے۔ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقین اس وقت ایک ایسے مرحلے کے قریب ہیں جہاں پہلے کبھی اتنی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ آئندہ ایک سے دو دن یا چند دنوں میں سامنے آ سکتا ہے اور اس میں چودہ نکات شامل ہوں گے جن کی تفصیلات عوام کے سامنے مرحلہ وار پیش کی جائیں گی۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ غیر مصدقہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے مذاکراتی ماحول متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ مفاہمتی دستاویز مختصر ہے تاہم اس پر دو ماہ سے زائد عرصے تک تفصیلی مذاکرات کیے گئے ہیں اور ہر شق کا بار بار جائزہ لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کو مسلسل آگاہ رکھا گیا ہے جبکہ مسلح افواج بھی آبنائے ہرمز اور جنگ بندی سے متعلق معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات ایرانی عوام کے مفاد میں ہیں۔عباس عراقچی کے مطابق آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کو خودمختار حیثیت حاصل ہے اور اب تک یہ خدمات بلا معاوضہ فراہم کی جاتی رہی ہیں، تاہم مستقبل میں اس کے انتظامی طریقہ کار میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عبوری معاہدہ اس پورے عمل کا پہلا مرحلہ ہوگا، اور اگر یہ نافذ نہ ہوا تو جوہری مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ ان کے مطابق ایران امریکا جنگ کے بعد مزید مضبوط ہوا ہے اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا اعلان مختلف محاذوں پر کیا جائے گا، جن میں لبنان بھی شامل ہے، جہاں جنگ کے خاتمے کا مطلب اسرائیلی افواج کا مقبوضہ علاقوں سے انخلا ہوگا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کی یورینیم پالیسی کا واحد حل اسے کم درجے پر لانا ہے، جبکہ امریکا کی ناکہ بندی کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کی بحالی معاہدے کا حصہ ہیں۔دوسری جانب امریکا کے نائب صدر نے کہا ہے کہ کسی ممکنہ معاہدے کے تحت منجمد ایرانی رقوم فوری طور پر بحال نہیں کی جائیں گی، تاہم ایران کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی صورت میں معاشی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاہدے سے متعلق کئی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
ایران و امریکا جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے قریب، آبنائے ہرمز کے مستقبل پر اہم پیش رفت
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں