واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے پر ہفتے کے اختتام یا پیر تک دستخط ہونے کا امکان ہے۔ایک امریکی خبر رساں ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ بیان کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران نے نجی سطح پر بعض غلط معلومات کے اجرا پر معذرت کی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایران میں اعلیٰ سطح پر مجوزہ معاہدے کی منظوری دی جا چکی ہے، تاہم حتمی منظوری کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔صدر ٹرمپ نے اس سے قبل ایرانی میڈیا میں شائع ہونے والی معاہدے کی مبینہ تفصیلات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا طے شدہ شرائط سے کوئی تعلق نہیں اور میڈیا میں آنے والی معلومات درست نہیں ہیں۔یاد رہے کہ امریکی صدر نے حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ایک بیان بھی شیئر کیا تھا، جس میں دونوں فریقوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت کو غیر معمولی قرار دیا گیا تھا۔معاہدے سے متعلق دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس پیش رفت کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔