ترکیہ خبر

ایران کی امریکہ کو سخت وارننگ، آئل ٹینکرز پر حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کا اعلان

ایران کی امریکہ کو سخت وارننگ، آئل ٹینکرز پر حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کا اعلان

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکہ کو شدید تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں موجود امریکی تنصیبات اور فوجی اہداف کو جوابی حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے میزائل اور جدید ڈرون مکمل طور پر فعال اور ہر قسم کی جارحیت کا فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران نہ صرف امریکی فوجی اڈوں بلکہ خطے میں موجود دشمن کے جنگی جہازوں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی تیل کی ترسیل اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو جنگ بندی میں توسیع سے متعلق نئی تجاویز بھیجی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطے جاری ہیں۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکی بحری سرگرمیوں کے باعث خطے کی صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے۔ ایران پہلے ہی خبردار کر چکا ہے کہ اگر اس کی تیل برآمدات یا بحری راستوں کو نقصان پہنچایا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر بھی واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔