ترکیہ خبر

ایران کا خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی حملوں کا دعویٰ، کشیدگی میں اضافہ

ایران کا خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی حملوں کا دعویٰ، کشیدگی میں اضافہ

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے حملوں کے جواب میں خطے میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق کارروائی میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کیے گئے، اور بحرین، کویت اور اردن سمیت مختلف مقامات پر امریکی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔ایرانی بیان کے مطابق بحرین میں موجود امریکی بحری بیڑے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جبکہ اردن کے علاقے میں واقع امریکی الازرق فوجی اڈے کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں چار اہم اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جن میں لڑاکا طیاروں کے ہینگرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز شامل ہیں۔ایرانی پاسداران کا کہنا ہے کہ کویت میں علی السالم فوجی اڈے پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا، جبکہ خطے میں امریکی کارروائیوں کے جواب میں یہ اقدامات کیے گئے۔دوسری جانب کویتی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام دشمن حملوں کو ناکام بنانے کے لیے فعال ہے اور ملکی فضائی حدود کی نگرانی جاری ہے۔ایرانی حکام کے مطابق جنوبی ایران میں امریکی حملوں کے باعث سیریک کے علاقے میں ٹیلی کمیونی کیشن ٹاور کو نقصان پہنچا اور دو پانی کے ذخیرہ کرنے والے ٹینک بھی تباہ ہوئے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو جوابی اقدامات مزید سخت ہوں گے۔