ترکیہ خبر

شوشا میں علاقائی امن اور جنوبی قفقاز میں تعمیرِ نو پر بین الاقوامی کانفرنس

شوشا میں علاقائی امن اور جنوبی قفقاز میں تعمیرِ نو پر بین الاقوامی کانفرنس

شوشا( ترکیہ خبر)آذربائیجان پارٹی کے زیر اہتمام "عالمی سلامتی کے لیے علاقائی کردار: جنوبی قفقاز میں امن کی تعمیر" کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق تقریب کا آغاز ملک کے قومی رہنما حیدر علییف اور آذربائیجان کی آزادی و خودمختاری کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔صدرِ آذربائیجان اور نئی آذربائیجان پارٹی کے سربراہ الہام علییف کا پیغام صدارتی انتظامیہ کے شعبہ سیاسی جماعتوں اور قانون ساز اداروں سے روابط کے سربراہ عدالت ولییف نے شرکاء تک پہنچایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدارتی نمائندہ برائے شوشا ضلع آیدین کریموف نے کہا کہ آزاد کرائے گئے علاقوں میں شہر اور دیہات دوبارہ آباد ہو رہے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی سرگرمیاں اور خوشی کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں نئے تعمیر شدہ رہائشی منصوبوں میں سابقہ بے گھر افراد کو رہائش فراہم کی جا رہی ہے اور وہ نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں۔ان کے مطابق اس وقت آزاد شدہ علاقوں میں 80 ہزار سے زائد افراد مقیم اور مصروفِ عمل ہیں، جن میں بڑی تعداد سابقہ بے گھر افراد کی ہے، جبکہ شوشا میں اب تک تقریباً 30 مقامی اور قومی اہمیت کی حامل تاریخی یادگاروں کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے۔