ریاض اور خمیس مشیط پر حوثیوں کے میزائل حملے ناکام بنا دیے گئے
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور شہر خمیس مشیط کی جانب داغے گئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنا دیے گئے۔سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق دونوں شہروں کی طرف آنے والے بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے گئے، حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور حوثیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ بحری افواج نے الحدیدہ گورنریٹ میں کارروائی کرتے ہوئے آبی گزرگاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی بھی ناکام بنادی۔مکہ دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان اور ترکی کے فوجی دستوں کی سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے فیصلے کے بعد صعدہ میں حوثیوں کا میزائل ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔دوسری جانب یمنی فوج کی پیش قدمی بھی جاری ہے۔ باب المندب کے بعد ذباب بندرگاہ، ہوائی اڈے اور المخا شہر کو حوثیوں سے آزاد کرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ تعز میں 250 سے زائد حوثیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔