ترکیہ خبر

پاکستان کے مستقبل سے پُرامید ہوں، نوجوان ترقی کیلئے پُرجوش ہیں: ملالہ یوسفزئی

پاکستان کے مستقبل سے پُرامید ہوں، نوجوان ترقی کیلئے پُرجوش ہیں: ملالہ یوسفزئی

اسلام آباد( ترکیہ خبر)لندن میں منعقدہ عالمی تعلیمی فورم کے موقع پر نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے حوالے سے بے حد پُرامید ہیں کیونکہ نوجوان جدید تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے متحرک ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور تعلیم ہی معاشرتی بہتری کی بنیاد ہے۔انہوں نے کانفرنس کے دوران فلسطین، لبنان اور افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق مسائل پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی طالبات اپنے مسائل اور ان کے حل دونوں سے بخوبی آگاہ ہیں، جبکہ افغانستان میں لڑکیاں مشکل حالات کے باوجود خفیہ طور پر تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ملالہ یوسفزئی نے طلبہ کے ساتھ گول میز اجلاس میں شرکت کی اور ایک معلوماتی مقابلے میں بھی حصہ لیا۔ تقریب میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے تعلیم بھی شریک تھے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں سے بھرپور ہیں اور جدید علوم کے ذریعے ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے پُرجوش انداز میں کام کر رہے ہیں۔