ترکیہ خبر

امریکا کا ترکیہ کے ساتھ ایف 35 تنازع جلد حل ہونے کی امید، سفارتی پیش رفت کا عندیہ

امریکا کا ترکیہ کے ساتھ ایف 35 تنازع جلد حل ہونے کی امید، سفارتی پیش رفت کا عندیہ

استنبول( ترکیہ خبر) امریکا کے ترکیہ میں سفیر نے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پروگرام سے متعلق انقرہ کے ساتھ طویل تنازع کو غیر ضروری اور غیر منطقی قرار دیتے ہوئے اس کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ترکیہ اور امریکا دونوں نیٹو کے اہم اتحادی ہیں اور اس تنازع کے حل سے اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ روس سے ایس چار سو فضائی دفاعی نظام کی خریداری کے باعث پیدا ہونے والے اختلافات نے دوطرفہ تعلقات کو متاثر کیا ہے تاہم اس مسئلے کو سفارتی طریقے سے چند ماہ میں حل کیا جا سکتا ہے۔امریکی سفیر کے مطابق اس حل کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ نظام کے استعمال اور اس کی عملی حیثیت ختم ہونے کی تصدیق کی جائے تاکہ حساس عسکری ٹیکنالوجی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں امریکی دفاعی قوانین اور سیکیورٹی معیار کی مکمل پابندی لازمی ہوگی اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سفیر کے مطابق اگر پیش رفت ہوتی ہے تو ترکیہ کو دوبارہ ایف 35 پروگرام میں شامل کرنے، نیٹو تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف امریکا اور ترکیہ کے تعلقات کے لیے اہم ہوگی بلکہ خطے میں طاقت کے توازن اور نیٹو کی مجموعی صلاحیت کو بھی مضبوط کرے گی۔