گٹیکس اے آئی ترکیہ سمٹ، عالمی ٹیک ماہرین کی شرکت
استنبول( تر کیہ خبر) گٹیکس اے آئی ترکیہ سمٹ کا دو روزہ اجلاس استنبول میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں دنیا بھر کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور نئے کاروباری اداروں نے شرکت کی۔یہ تقریب ترکیہ کے سرمایہ کاری و مالیاتی دفتر اور وزارت صنعت و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جبکہ اناطولیہ ایجنسی اس کی عالمی مواصلاتی شراکت دار تھی۔ترکیہ کے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاجر نے سمٹ کے آخری روز جمعرات کو خصوصی خطاب کیا۔آخری روز مختلف موضوعات پر پریزنٹیشنز، اجلاس اور پینل مباحثے منعقد ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر ہونے والی تقریب میں گوگل کلاؤڈ، ایچ پی ای، این ویڈیا، ڈیل ٹیکنالوجیز اور ہواوے سمیت عالمی سطح کی معروف ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کمپنیوں نے شرکت کی۔ترکیہ کے ٹیکنالوجی پارکس، جن میں یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کا یلدز ٹیکنوپارک اور استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی کا آری بھی شامل ہیں، نے بھی اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی نئے کاروباری اداروں کو غیر ملکی سرمایہ کاروں سے روابط قائم کرنے کے مواقع فراہم کیے۔