ترکیہ خبر

آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی میں مزید وقت لگے گا

آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی میں مزید وقت لگے گا

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی ایک تدریجی اور پیچیدہ مرحلہ ہے، جس کے لیے مزید عملی اقدامات درکار ہیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اگرچہ سیاسی سطح پر آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھولنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، تاہم زمینی حقائق کے مطابق راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کا عمل ابھی جاری ہے۔امریکی صدر کی جانب سے معاہدے کے اعلان کے بعد بحری جہازوں کو سفر کی تیاری کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم ماہرین کے مطابق سمندری گزرگاہ میں مکمل تحفظ یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ آب بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور یہ عمل رواں ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ صفائی مکمل ہونے کے بعد بحری راستہ عملی طور پر کھول دیا جائے گا، تاہم ابتدائی مرحلے میں بعض خطرات برقرار رہ سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگوں کی مکمل صفائی ایک وقت طلب اور موسمی حالات سے متاثر ہونے والا عمل ہے، جس میں مزید کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔دوسری جانب بعض تجارتی بحری جہازوں اور بیمہ فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے بھی محتاط رویہ اختیار کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ کئی کمپنیاں اضافی حفاظتی انتظامات یا قافلوں کی صورت میں سفر کو ترجیح دے سکتی ہیں۔