ترکیہ خبر

اسٹریٹ آف ہرمز کی آزاد بحری آمدورفت عالمی معیشت کے لیے ضروری ہے، ترکیہ

اسٹریٹ آف ہرمز کی آزاد بحری آمدورفت عالمی معیشت کے لیے ضروری ہے، ترکیہ

ماسکو( ترکیہ خبر) ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ مذاکرات کے بعد ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ، آزاد اور بلا رکاوٹ آمدورفت علاقائی استحکام، عالمی توانائی تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔حاکان فدان کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان بھی اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ پیش رفت عارضی سکون کے بجائے ایک مستقل اور مضبوط سکیورٹی ڈھانچے میں تبدیل ہونی چاہیے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاہدہ جلد حتمی دستخطی مرحلے تک پہنچے گا اور مکمل طور پر نافذ العمل ہو کر ایک مستقل سفارتی فریم ورک کی شکل اختیار کرے گا۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ حساس مرحلے کے دوران ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز ضروری ہے جو امن کے ماحول کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، جبکہ بعض عناصر کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ایران اور امریکا کے رہنماؤں کے سیاسی عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت میں اہم کردار ادا ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو بھی سراہا اور قطر اور سعودی عرب کی سفارتی حمایت کا خیرمقدم کیا۔حاکان فدان نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو ہر قسم کی رکاوٹ کے بغیر کھلا رکھنا نہ صرف خطے بلکہ عالمی توانائی اور تجارت کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ وسیع تر علاقائی امن کے نئے دروازے کھولے گا۔