اسلام آباد( ترکیہ خبر) معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا، چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں، تقریبات اور مختلف پروگرام منعقد کیے گئے جن میں شرکاء نے افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔کراچی سے خیبر اور کشمیر سے گوادر تک عوام نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ معرکۂ حق کی کامیابی کا جشن منایا۔ مختلف شہروں میں نکالی جانے والی ریلیوں میں شہریوں نے قومی پرچم تھام کر پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ آزاد کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔میرپور آزاد کشمیر میں چیمبر آف کامرس کے زیرِ اہتمام تقریب منعقد ہوئی، جس میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقاریب ہوئیں جبکہ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔راولپنڈی میں لیاقت باغ سے تاجروں اور شہریوں کی بڑی ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج و فیلڈ مارشل کے حق میں نعرے لگائے۔گوجرخان، وزیرآباد، علی پور، اوکاڑہ، لودھراں اور وہاڑی میں بھی ریلیوں اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں شرکاء نے افواجِ پاکستان اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔میلسی میں مرکزی انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور شہریوں نے معرکۂ حق ریلی میں شرکت کی، جبکہ احمد پور شرقیہ میں طالبات نے تقاریر اور پروگراموں کے ذریعے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شکارپور میں سول ہسپتال سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جبکہ بھیرہ میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے۔صحبت پور میں سماجی رہنما علی احمد کھوسہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جبکہ پھالیہ میونسپل کمیٹی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہریوں اور تاجر برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔لاہور میں ڈپٹی کمشنر کی زیرِ قیادت معرکۂ حق کی مناسبت سے سائیکل ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔حاصل پور میں جشنِ فتح کی تقریب کے دوران شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ ننکانہ صاحب میں میوزیکل کنسرٹ، کیک کاٹنے اور آتش بازی کے ذریعے فتح کا جشن منایا گیا۔خوشاب کے کشمیر پارک جوہر آباد میں منعقدہ تقریب میں رنگا رنگ آتش بازی اور موسیقی کے خصوصی پروگرام نے شرکاء کا جوش بڑھایا، تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور پاک فوج کے حق میں دعا کی گئی۔بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد میں بھی شہریوں نے ریلی نکالی جس کی قیادت صوبائی وزیر لائیو اسٹاک میر فیصل خان جمالی اور سردار محمد ہارون خان جمالی نے کی۔اس کے علاوہ ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، لیاقت پور، ہری پور، میانوالی، لنڈی کوتل، پاکپتن، شکرگڑھ، رینالہ خورد، بہاولنگر، رحیم یار خان، ٹنڈو محمد خان، چمن، راجن پور اور کرک سمیت دیگر شہروں میں بھی ریلیاں اور تقریبات منعقد ہوئیں جہاں شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، ملک بھر میں جشن اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان