ترکیہ قومی مفادات، علاقائی امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا:فیدان
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ اپنے قومی مفادات کے تحفظ، خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور زیادہ منصفانہ عالمی نظام کے قیام میں کردار ادا کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ترک وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم این سوشل پر بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران نیویارک میں ترکیہ نے بھرپور سفارتی سرگرمیاں انجام دیں۔انہوں نے بتایا کہ صدر رجب طیب اردوان کی مصروفیات کے علاوہ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے متعدد دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور مختلف اجلاسوں میں ترکیہ کی نمائندگی کی۔حاقان فیدان کے مطابق ایک ہفتے پر محیط سفارتی سرگرمیوں سے مختلف خطوں میں ترک سفارت کاری کی وسعت اور متعدد معاملات پر مؤثر اقدامات کرنے کی صلاحیت نمایاں ہوئی۔