فدان کی حماس وفد سے ملاقات، غزہ صورتحال پر تبادلہ خیال
انقرہ، استنبول( تر کیہ خبر) ترک وزیر خارجہ حاکان فدان نے حماس کے نو منتخب سربراہ سیاسی بیورو خلیل الحیہ اور حماس کے وفد سے ملاقات کی۔ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران حاکان فدان نے خلیل الحیہ کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔خلیل الحیہ نے ترک وزیر خارجہ کو غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی قیادت میں اسرائیلی حکومت نے غیر قانونی آباد کاری کی سرگرمیوں اور بیت المقدس میں مقدس مقامات پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حماس امن مذاکرات کے لیے تعمیری رویہ برقرار رکھے ہوئے ہے اور فلسطینی مفاہمت کی کوششوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔حاکان فدان نے کہا کہ ترکی ہر شعبے اور عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے حق میں اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ذرائع کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی نے غزہ اور مغربی کنارے میں ہونے والی کارروائیوں اور مقدس مقامات پر حملوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انقرہ غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔حاکان فدان نے مزید کہا کہ ترکی غزہ میں امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں حماس کے کردار کو بھی سراہا۔