ترکیہ خبر

فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، محسن نقوی

فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، محسن نقوی

اسلام آباد( ترکیہ خبر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار نہایت اہم ہے۔وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری تربیتی مرکز شب قدر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فورس کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خصوصی حفاظتی یونٹ اور ہنگامہ آرائی سے نمٹنے والے یونٹ کی تربیتی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔محسن نقوی نے اہلکاروں کی جدید طرز کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی حفاظتی یونٹ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید اور منظم فورس بنایا جا رہا ہے، جو غیر ملکی مہمانوں کو عالمی معیار کی سکیورٹی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی تربیت کے لیے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، جبکہ انہیں بیرون ملک تربیتی مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اہلکاروں کی تعلیمی استعداد بڑھانے اور بین الاقوامی زبانوں کی تعلیم پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کو مزید فعال اور پیشہ ور فورس بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے اہلکاروں کو جسمانی فٹنس، جدید اسلحے کے استعمال اور ڈرائیونگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی، جبکہ جدید ہنگامہ شکن آلات کی خریداری، رہائشی بیرکس میں سہولیات کی فراہمی، جمنازیم اور سوئمنگ پول کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔