اردوان کا ترک قبرصیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان
استنبول( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی ترک قبرصی عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور شمالی قبرص کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔انقرہ میں کابینہ اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ مشرقی بحیرہ روم میں ترک قبرصیوں کی خودمختار مساوات، حقوق اور جائز مفادات کو نظر انداز کرنے والی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ترک صدر نے گزشتہ ہفتے 1974 کی قبرص امن کارروائی کی 52ویں سالگرہ کے حوالے سے کہا کہ 20 جولائی 1974 ایک تاریخی موڑ تھا، جس نے ترک قبرصی عوام کے وجود، آزادی اور سلامتی کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے عالمی معاہدوں کے تحت ضامن ملک کی حیثیت سے اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کو استعمال کرتے ہوئے ترک قبرصیوں کی مشکلات کا خاتمہ کیا اور جزیرے میں امن و استحکام کے قیام میں کردار ادا کیا۔اردوان نے کہا کہ قبرص کا مسئلہ صرف دو برادریوں کے درمیان اختیارات کی تقسیم کا معاملہ نہیں بلکہ اس کا تعلق ترک قبرصیوں کی خودمختار مساوات اور مساوی بین الاقوامی حیثیت کے اعتراف سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی ان تمام اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے جن کا مقصد قبرص کو نئے فوجی اتحادوں اور جغرافیائی سیاسی منصوبہ بندی کا حصہ بنانا ہے۔