صدر اردوان کا یورپی یونین سے رکنیت کا عمل دوبارہ فعال بنانے کامطالبہ
استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لائن سے ملاقات میں ترکیہ کی یورپی یونین میں رکنیت کے عمل کو دوبارہ فعال بنانے پر زور دیا۔ترکیہ کے صدارتی شعبۂ ابلاغ کے مطابق انقرہ میں ہونے والی ملاقات میں ترکیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ یورپی یونین کے ساتھ ہر سطح پر بڑھتے ہوئے روابط کا خیرمقدم کرتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ متعلقہ طریقہ کار کو فعال بنا کر اور ضروری اجلاس منعقد کر کے رکنیت کے عمل کو دوبارہ آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کئی برسوں سے یورپی یونین کا امیدوار ملک ہے اور کسٹمز یونین کا بھی حصہ ہے، جبکہ گزشتہ برسوں میں اٹھائے گئے اقدامات نے ترکیہ کو یورپ کا ایک اہم پیداواری مرکز بنا دیا ہے۔صدر اردوان کے مطابق ترکیہ اور یورپ کی معیشتیں ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتی ہیں، جو عالمی سطح پر یورپ کی مسابقتی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر ترکیہ کو تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق یورپی یونین کے نئے ضوابط میں بھی شامل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ نے یورپ کی سلامتی میں کردار ادا کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں اور نیٹو اتحاد کے اصولوں کے مطابق یورپی شراکت داروں سے بھی مثبت پیش رفت کی توقع رکھتا ہے۔ملاقات میں روس۔یوکرین جنگ، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، غزہ اور لبنان سمیت خطے میں اسرائیلی کارروائیوں اور ان تنازعات کے خاتمے کے لیے ترکیہ کی سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔اس سے قبل صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران صدارتی محل میں انتونیو کوسٹا اور ارسولا فان ڈیر لائن کے اعزاز میں ورکنگ ڈنر بھی دیا۔