ترکیہ روس تعلقات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے:ایردوان
انقرہ( تر کیہ خبر)ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور روس کے باہمی تعلقات اس وقت اپنی تاریخ کی سب سے بلند سطح پر ہیں۔صدر ایردوان نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ترکیہ اور روس کے تعلقات ماضی کے کسی بھی دور کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستحکم اور وسیع سطح پر قائم ہیں۔صدر ایردوان نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں اکو یُو جوہری بجلی گھر منصوبے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور بتایا کہ منصوبہ تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اکو یُو جوہری بجلی گھر کے افتتاح کے بعد دونوں ممالک مزید نئے بجلی گھروں کی تعمیر اور انہیں فعال کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔