استنبول( ترکیہ خبر) استنبول میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے تمام میچوں میں ترک قومی فٹبال ٹیم کو پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔صدر اردوان نے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف گروپ ڈی کے اہم میچ سے قبل کھلاڑیوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 24 سال بعد ورلڈ کپ میں ترکیہ کی واپسی نے پورے ملک میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے اور 8 کروڑ 60 لاکھ شہری اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔اردوان کے مطابق “اب وقت ہے نئی تاریخ لکھنے کا، اور ہم یہ تاریخ مل کر لکھیں گے۔”انہوں نے 2002 کے ورلڈ کپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ترکیہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، اور اس بار بھی ٹیم سے بہترین توقعات وابستہ ہیں۔صدر نے کہا کہ قومی ٹیم کی کامیابی صرف کھیل نہیں بلکہ قومی جذبے اور اتحاد کی علامت ہے، اور پوری قوم کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔