اردوان کا قرہ باغ کے شہدا کو خراج عقیدت، آذربائیجان سے اظہار یکجہتی
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے آذربائیجان کے یومِ یاد کے موقع پر قرہ باغ کی آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے آذری فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ترک صدر نے ترکیہ کے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم این سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ دوست اور برادر ملک آذربائیجان کے یومِ یاد پر وہ قرہ باغ کو قبضے سے آزاد کرانے اور اس کی خودمختاری بحال کرنے کے لیے جدوجہد کرنے والے شہدا کو رحمت کے ساتھ یاد کرتے ہیں، جبکہ جنگ کے غازیوں کو احترام پیش کرتے ہیں۔رجب طیب اردوان نے قرہ باغ کی حیثیت سے متعلق اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قرہ باغ آذربائیجان کا علاقہ ہے اور ہمیشہ آذربائیجان کا ہی حصہ رہے گا۔قرہ باغ کو عالمی سطح پر آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد یہ خطہ جنوبی قفقاز کے دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے تک جاری رہنے والے تنازع کا مرکز رہا۔