قومی اتحاد سے ترکیہ کا دہشتگردی کا مسئلہ حل ہو رہا ہے:اردوان
استنبول( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ قومی اتحاد، پارلیمانی حمایت اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے ذریعے کئی دہائیوں پر محیط دہشتگردی کے مسئلے کو حل کر رہا ہے اور وہ ’’دہشتگردی سے پاک ترکیہ‘‘ کے اقدام پر پُرعزم ہیں۔انقرہ میں حکمران جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک جاری دہشتگردی نے ترکیہ سے قیمتی جانیں، وسائل، حوصلہ اور مواقع چھینے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس 40 سالہ مسئلے کو حل کرنے اور ترکیہ کو اس سے نجات دلانے کا عزم کیا تھا، جسے پارلیمنٹ کی حمایت اور عوام کی دعاؤں کے ساتھ عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ترک صدر کے مطابق یہ عمل شہداء کی قربانیوں، غازیوں کی جدوجہد اور معاشرے کے مختلف طبقات پر مشتمل وسیع قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے۔اردوان نے واضح کیا کہ حکومتی مقصد صرف دہشتگردی کا خاتمہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ اس مبینہ سامراجی منصوبے کو بھی ناکام بنانا ہے جس کا مقصد ترکیہ کو اندرونی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عمل کے تحت کیے جانے والے اقدامات کا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے سلامتی اور خوشحالی یقینی بنانا ہے۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ حکومت اس مسئلے کو مکمل طور پر حل کرکے اپنی آنے والی نسلوں کے لیے دہشتگردی سے پاک ترکیہ اور خطہ چھوڑنا چاہتی ہے۔