اردوان کا اسرائیل دشمنی بڑھانے میں سیاسی مفاد نہیں، سابق امریکی سفیر
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ میں سابق امریکی سفیر فرانسس جے ریکارڈون نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف دشمنی بڑھانا ترک صدر رجب طیب اردوان کے لیے کوئی خاص سیاسی فائدہ نہیں رکھتا۔الجزیرہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردوان اسرائیل کے خلاف محض سیاسی مفاد کے تحت مخالفانہ جذبات نہیں بھڑکاتے بلکہ فلسطینیوں، خصوصاً غزہ میں اسرائیلی اقدامات کی حقیقی طور پر مخالفت کرتے ہیں اور طویل عرصے سے یہی مؤقف رکھتے ہیں۔فرانسس ریکارڈون کے مطابق اس کے برعکس اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے لیے یہ سیاسی طور پر فائدہ مند ہوسکتا ہے کہ عوام میں یہ تاثر پیدا کیا جائے کہ اسرائیل کسی نئے فریق کے ساتھ جنگ یا تنازع میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ہونے والے اسرائیلی قانون ساز انتخابات کے دوران اس حکمت عملی کے سیاسی اثرات سامنے آسکتے ہیں۔