اردوان کی میلونی کو اٹلی کی طویل ترین مدت تک وزیراعظم رہنے پر مبارکباد
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کو ملک کی طویل ترین مدت تک وزیراعظم رہنے کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں جارجیا میلونی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اٹلی کی سب سے زیادہ عرصے تک وزیراعظم رہنے والی شخصیت بننے پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ترک صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترکیہ اور اٹلی کے باہمی تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جارجیا میلونی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی یکجہتی کو وقت گزرنے کے ساتھ مزید فروغ دیا جائے گا۔اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق جارجیا میلونی اٹلی کی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک قائم رہنے والی حکومت کی سربراہ بن گئی ہیں۔ انہوں نے 22 اکتوبر 2022ء کو وزارتِ عظمیٰ سنبھالی تھی اور جمعہ کو ان کے دور حکومت کے 1413 دن مکمل ہوگئے۔اس طرح انہوں نے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی کی دوسری حکومت کا 1412 دن کا ریکارڈ توڑ دیا۔جارجیا میلونی جنگِ عظیم دوم کے بعد اٹلی کی سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والی شخصیت بھی بن گئی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس اعزاز کو اپنے لیے شکرگزاری اور ذمہ داری کا باعث قرار دیا۔