ترکیہ خبر

ایردوان کا وسطی راہداری کو جدید شاہراہ ریشم قرار دیتے ہوئے تعاون بڑھانے کا اعلان

ایردوان کا وسطی راہداری کو جدید شاہراہ ریشم قرار دیتے ہوئے تعاون بڑھانے کا اعلان

استنبول( ترکیہ خبر) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے بحیرہ کیسپین سے گزرنے والی مشرق-مغرب وسطی راہداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے جدید دور کی شاہراہ ریشم قرار دیا ہے۔قازقستان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تجارتی اور توانائی راہداری کی اہمیت ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید واضح ہو رہی ہے۔ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ اور قازقستان کے درمیان اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل کا چھٹا اجلاس کامیابی سے منعقد ہوا جس میں مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی، صحت، کان کنی، ثقافت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ایردوان نے کہا کہ کاروباری شخصیات کے درمیان تعاون کے نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں اور دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ قازقستان سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس راہداری کے ذریعے مشرق اور مغرب کے درمیان کارگو اور توانائی کی ترسیل کو فروغ دے گا۔ترک صدر نے یہ بھی کہا کہ قازقستان جیسے بڑے تیل برآمد کرنے والے ملک سے خام تیل کی بڑی مقدار ترکیہ کے راستے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔