انقرہ( ترکیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک رُٹے نے انقرہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران نیٹو سربراہی اجلاس کی تیاریوں، ایجنڈے اور خطے و عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ترک صدارتی دفتر کے مطابق صدر اردوان نے کہا کہ خطے کی غیر مستحکم صورتحال ایک بار پھر نیٹو اتحادیوں کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انقرہ میں ہونے والا سربراہی اجلاس اتحاد کو مضبوط بنانے اور بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے اہم فیصلوں کا باعث بنے گا۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اپنی دفاعی صنعت خصوصاً فضائی دفاعی نظام میں مسلسل ترقی کر رہا ہے اور اتحادی ممالک کے ساتھ اس شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپی شراکت داروں کو دفاعی ذمہ داریوں میں زیادہ کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ غیر یورپی اتحادیوں کو دفاعی ڈھانچے سے باہر رکھنا مناسب نہیں ہوگا۔ترک صدر نے کہا کہ ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ترکیہ نے امن اور سفارتکاری کا راستہ اپنایا ہے۔انہوں نے روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے کہا کہ ترکیہ مذاکرات کی بحالی اور اعلیٰ سطحی بات چیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نیٹو انقرہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر بھی جامع غور کیا۔
اردوان اور نیٹو سیکریٹری جنرل کی ملاقات، اتحاد اور علاقائی سلامتی پر زور
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ