غزہ سمیت دنیا بھر کے متاثرین کی مدد جاری رکھیں گے، اردوان
استنبول( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ دنیا بھر میں مشکلات سے دوچار افراد، بالخصوص غزہ کے عوام کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا اور جنگ و بحران سے متاثرہ لوگوں کیلئے امید کا ذریعہ بنے گا۔عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر اپنے پیغام میں اردوان نے کہا کہ ترکیہ انسانی امداد فراہم کرنے والے نمایاں ممالک میں شامل ہے اور اس کی امدادی پالیسی ملک کی تاریخی روایات اور قدیم تہذیبی اقدار سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ انسانی ہمدردی کے معاملے میں دنیا کیلئے مثال قائم کرنے اور اپنی قومی آمدنی کے تناسب سے سب سے زیادہ انسانی امداد فراہم کرنے والے ملک کی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دنیا بھر میں 30 کروڑ سے زائد افراد بنیادی ضروریات سے محروم اور شدید مشکلات میں زندگی گزار رہے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔