ترکیہ خبر

توانائی کی سلامتی اب قومی خودمختاری کا مسئلہ ہے: ترک صدر رجب طیب ایردوان

توانائی کی سلامتی اب قومی خودمختاری کا مسئلہ ہے: ترک صدر رجب طیب ایردوان

استنبول( ترکیہ خبر)ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ روس۔یوکرین جنگ اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش نے یہ واضح کر دیا ہے کہ توانائی کی فراہمی کا تحفظ صرف ترقی کا نہیں بلکہ قومی خودمختاری اور سلامتی کا مسئلہ بھی ہے۔انقرہ میں قابلِ تجدید توانائی سرمایہ کاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں جن کی مجموعی پیداوار چھ ہزار آٹھ سو اٹھارہ میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔صدر ایردوان نے کہا کہ ترکیہ خطے میں ایک اہم توانائی مرکز بنتا جا رہا ہے اور اس کی اہمیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل میں شدید خلل پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں عالمی تیل اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ان کے مطابق اس صورتحال کے باعث عالمی معیشت متاثر ہوئی، مہنگائی میں اضافہ ہوا اور مختلف ممالک میں توانائی کی بچت کے لیے سخت اقدامات کیے گئے، جن میں تعلیمی اداروں کی بندش، ٹریفک پابندیاں اور پروازوں کی منسوخی شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف تیل اور گیس تک محدود نہیں رہے بلکہ کھاد اور پلاسٹک جیسے دیگر شعبے بھی متاثر ہوئے۔صدر ایردوان کے مطابق اگرچہ کچھ عرصہ قبل عالمی معیشت میں بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی تھی، لیکن موجودہ توانائی بحران کے باعث کئی ممالک اب معاشی سست روی اور ممکنہ کساد بازاری کے خدشات کا سامنا کر رہے ہیں۔