الیکٹرک اسکوٹر چلانے والوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی ہدایت
باکو (ترکیہ خبر) آذربائیجان کے محکمہ ٹریفک پولیس نے الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرنے والوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی AZƏRTAC کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں الیکٹرک اسکوٹر چلانے والے بعض افراد کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔بیان میں خاص طور پر ایک اسکوٹر پر 2 افراد کے سوار ہونے، ٹریفک سگنل کی سرخ بتی نظرانداز کرنے، اچانک اور خطرناک انداز میں موڑ کاٹنے اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے پر تشویش ظاہر کی گئی۔محکمہ ٹریفک پولیس نے ہدایت کی کہ اسکوٹر چلاتے وقت ٹریفک سائنز اور سگنلز کی پابندی کی جائے، مقررہ رفتار سے تجاوز نہ کیا جائے اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹریفک کا شعور صرف قوانین پر عمل کرنے تک محدود نہیں، بلکہ سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کے حقوق کا احترام کرنا بھی ضروری ہے۔