مصر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ کے دفاعی اتحاد میں شامل ہوسکتا ہے، فیدان
استنبول( تر کیہ خبر) ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا ہے کہ بعض تکنیکی معاملات طے ہونے کے بعد مصر بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے میں شامل ہوسکتا ہے۔ترک خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے حاکان فیدان نے مصر کو ترکیہ کا قدرتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اگلے مرحلے میں مصر بھی اس اتحاد کا حصہ ہوگا۔ ان کے مطابق چاروں ممالک پہلے ہی ایک دوسرے کے ساتھ اتحادی ممالک کی طرح تعاون کررہے ہیں، صرف چند تکنیکی امور حل طلب ہیں۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی معاملات طے ہونے کے بعد مصر کی شمولیت میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ مصر کی شمولیت سے چار ملکی علاقائی پلیٹ فارم ایک اہم سیاسی فورم کے طور پر اپنی اہمیت برقرار رکھے گا۔ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو بھی مصر کی علاقائی اہمیت پر کوئی اختلاف نہیں، جبکہ چاروں ممالک پر مشتمل علاقائی تعاون آئندہ بھی اہم کردار ادا کرے گا۔