باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے کولمبیا کی نومقرر سفیر نیلسی راکیل منار جارامیلو نے ملاقات کی اور اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں صدر علیئیف نے کہا کہ جغرافیائی فاصلے کے باوجود آذربائیجان اور کولمبیا کے تعلقات اطمینان بخش ہیں، تاہم مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے معیشت، سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں روابط بڑھانے پر زور دیا اور سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر سفیر نیلسی راکیل منار جارامیلو نے کہا کہ وہ آذربائیجان میں کولمبیا کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون سفیر ہونے پر فخر محسوس کرتی ہیں اور دوطرفہ سیاسی مکالمے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں آذربائیجان میں ہسپانوی زبان کے فروغ کے لیے جاری کورسز کو سراہا گیا، جن میں مقامی طلبہ اور ماہرین شریک ہیں۔ اس دوران “آسان خدمت” ماڈل کے نفاذ سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا بھی ذکر کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔فریقین نے زراعت، بارودی سرنگوں کی صفائی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ اقوام متحدہ اور غیر وابستہ تحریک جیسے عالمی فورمز پر باہمی تعاون کو بھی سراہا گیا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے کولمبیا کی نومقرر سفیر نیلسی راکیل منار جارامیلو کی ملاقات
واپس خبروں پر
Category:
آذر بائیجان