انقرہ( ترکیہ خبر)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ خطے میں جنگیں اور ظلم و ستم کے باوجود معصوم بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انقرہ میں ترک ریڈیو و ٹیلی ویژن کے زیر اہتمام اڑتالیسویں بین الاقوامی بچوں کے تہوار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو جنگ، تشدد، محرومی اور غربت سے پاک ماحول میں زندگی گزارنا ان کا بنیادی اور فطری حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی کوشش ہے کہ خطے میں جاری تنازعات کو روکا جائے اور بچوں کے آنسو پونچھے جائیں تاکہ وہ امن، تحفظ اور بھائی چارے کے ماحول میں زندگی گزار سکیں۔صدر اردوان نے دنیا بھر کے بچوں کو تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک اور دنیا بھر کے بچوں کے لیے امن اور خوشی سے بھرپور زندگی کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے خصوصاً فلسطین اور لبنان کے بچوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ اور تنازع کے بھاری بوجھ کو اپنے چھوٹے کندھوں پر اٹھانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے، محفوظ ماحول میں سونے اور خوف کے بجائے پرندوں کی آوازوں کے ساتھ جاگنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق ترکیہ نہ صرف اپنے بچوں بلکہ دنیا بھر کے بچوں کے بہتر مستقبل کا خواہاں ہے۔صدر نے کہا کہ بچے انسانیت کا مستقبل ہیں اور یہی بچے دنیا کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور مشکل حالات میں گھرے بچوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
بچوں کا امن بنیادی حق ہے، دنیا کو جنگ و ظلم سے پاک ہونا چاہیے: صدر اردوان
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ