آذربائیجان کا قدرتی خزانہ، گِزیل آغاج نیشنل پارک میں پرندوں کی 270 اقسام
باکو (ترکیہ خبر) آذربائیجان کے جنوبی علاقے میں واقع گِزیل آغاج نیشنل پارک قدرتی حسن، نایاب جنگلی حیات اور متنوع نباتات کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ یہ علاقہ فطرت سے محبت کرنے والوں، پرندوں کے مشاہدے اور فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے ایک منفرد مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔تقریباً 99 ہزار ہیکٹر رقبے پر پھیلا یہ قومی پارک لانکران، ماسالی اور نفتچالا کے اضلاع تک محیط ہے۔ بین الاقوامی اہمیت کے حامل آبی علاقوں سے متعلق رامسر کنونشن میں بھی اسے شامل کیا گیا ہے۔ یہاں گھنے سرکنڈوں، پُرسکون پانیوں اور مختلف جنگلی جانوروں کی موجودگی قدرتی ماحول کو منفرد بناتی ہے۔پارک میں پرندوں کی تقریباً 270، مچھلیوں کی 47 اقسام اور مختلف ممالیہ جانور پائے جاتے ہیں۔ موسم بہار اور خزاں میں ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی بڑی تعداد اس علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کردیتی ہے۔ یہاں موجود نایاب پرندوں میں سنگ مرمری بطخ، چھوٹی سفید پیشانی والی ہنس، بڑے فلیمنگو اور سفید سر والی بطخ نمایاں ہیں۔ سرکنڈوں کے درمیان رہنے والی جنگلی بلی بھی یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔اس علاقے کی نباتاتی خوبصورتی میں بحیرہ کیسپین کا کنول، سفید آبی کنول، سرکنڈے اور مختلف اقسام کے صحرائی پودے شامل ہیں۔ سیاح چھوٹی موٹر کشتیوں کے ذریعے آبی راستوں کی سیر کرتے ہوئے جنگلی حیات اور قدرتی مناظر کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، جبکہ ماہر رہنماؤں کی معاونت سے اس مقام کی سیر مزید دلچسپ بن جاتی ہے۔گِزیل آغاج نیشنل پارک بالخصوص پرندوں کے شوقین افراد، فوٹوگرافروں، قدرتی ماحول سے دلچسپی رکھنے والوں اور منفرد سیاحتی تجربات کے خواہش مندوں کے لیے ایک قابل دید مقام ہے۔ یہ پارک اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ قدرتی حسن اور دلکش سیاحتی مقامات کی تلاش کے لیے دور دراز ممالک کا سفر ضروری نہیں، آذربائیجان بھی ایسے بے شمار قدرتی خزانوں کا حامل ہے۔