آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی امریکی وفد سے ملاقات، علاقائی امن اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

3 ماہ قبل
آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی امریکی وفد سے ملاقات، علاقائی امن اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

باکو( ترکیہ خبر)جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے امریکی وفد سے ملاقات کی، جس میں امریکی سینیٹ اور ہائوس آف ریپریزنٹیٹیوز کے چند اہم اراکین شامل تھے۔وفد نے باکو میں ہونے والے ترقیاتی اقدامات کو سراہا اور آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن کے ایجنڈے میں پیش رفت پر صدر علییف کو مبارکباد دی۔ صدر علییف نے معاہدات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ آذربائیجان علاقائی امن کے اقدامات جاری رکھے گا۔صدر علییف نے مزید بتایا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تجارتی تعلقات پہلے ہی قائم ہیں، اور آذربائیجانی تیل کی مصنوعات آرمینیا برآمد کی جا رہی ہیں جبکہ قزاقستان اور روس کا گندم آذربائیجان کے راستے آرمینیا پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے TRIPP کوریڈور کو علاقائی ٹرانسپورٹ رابطوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے والا قرار دیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سیاسی، اقتصادی، توانائی، دفاعی صنعت، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجیز سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر علییف نے فریڈم سپورٹ ایکٹ کے سیکشن 907 کے غیر منصفانہ ہونے پر روشنی ڈالی اور امریکی صدر کے اس سیکشن کے نفاذ کو معطل کرنے کے فیصلے کو سراہا۔