ترکیے خبر

آرمینیا کا ترکیہ اور آذربائیجان سے تعلقات معمول پر لانے کا عزم

آرمینیا کا ترکیہ اور آذربائیجان سے تعلقات معمول پر لانے کا عزم

 استنبول( ترکیہ خبر)آرمینیا کے وزیرِاعظم نکول پشینیان نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر پُراعتماد ہیں کہ ان کا ملک ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے اپنے ہدف کو حاصل کر لے گا۔سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو کے حوالے سے آرمینیائی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرِاعظم نے ایک بار پھر یریوان کی جانب سے دونوں ممالک کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔نکول پشینیان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا ہدف ضرور حاصل ہوگا، جس سے آرمینیا کی خارجہ پالیسی میں توازن پیدا ہوگا اور ملک کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات کا نہ ہونا خارجہ پالیسی میں عدم توازن کی علامت ہے، اور آرمینیا کو تمام ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی خواہش یا انتخاب نہیں بلکہ ایک عملی ضرورت ہے کہ ترکیہ، آذربائیجان اور دیگر تمام ریاستوں کے ساتھ باقاعدہ تعلقات قائم کیے جائیں۔سوویت یونین کے خاتمے کے بعد ترکیہ نے 1991 میں آرمینیا کو تسلیم کیا تھا، تاہم 1993 میں آذربائیجان کے علاقے نگورنو کاراباخ پر قبضے کے بعد انقرہ نے سرحد بند کر دی اور سفارتی تعلقات معطل کر دیے۔بعد ازاں 2020 کی دوسری کاراباخ جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے آثار پیدا ہوئے اور معمول پر لانے کے لیے خصوصی نمائندوں کی سطح پر مذاکرات کا آغاز کیا گیا۔