ترکیہ خبر

پاک فضائیہ کے سربراہ کا ترکیہ دورہ، دفاعی تعاون اور ایرو اسپیس شراکت بڑھانے پر اتفاق

پاک فضائیہ کے سربراہ کا ترکیہ دورہ، دفاعی تعاون اور ایرو اسپیس شراکت بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد( ترکیہ خبر)سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترک فضائیہ اور دفاعی قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں دفاعی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دورے کے دوران ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، وزیر قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں۔ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ائیر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جسے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا گیا۔ملاقاتوں میں مشترکہ فضائی مشقوں، پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے آپریشنل ہم آہنگی اور دفاعی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترک فضائیہ کی قیادت نے پاک فضائیہ کے تربیتی تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی استعداد میں اضافے کے لیے اہم قرار دیا۔