ترکیہ خبر

ترکیہ اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ کا نیا باب کھل گیا

ترکیہ اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ کا نیا باب کھل گیا

استنبول( ترکیہ خبر)ترکیہ اور برطانیہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ پیش رفت لندن میں ترک وزیر خارجہ حکان فیدان اور برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر کی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ترک وزارت خارجہ کے مطابق اس فریم ورک میں سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، انسانی ترقی، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبے شامل ہیں، جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی سمت دی جائے گی۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں نیٹو رکن ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے، اور عالمی و علاقائی سطح پر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے میں مدد دے گا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ عالمی نظام تیزی سے کثیر قطبی شکل اختیار کر رہا ہے، جس سے خطے میں خطرات بڑھ رہے ہیں، ایسے میں نیٹو کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی امن اور یورپ و بحر اوقیانوس کے خطے میں استحکام کے لیے مضبوط باہمی تعلقات ناگزیر ہیں۔ اس معاہدے کے تحت انسداد دہشت گردی، دفاعی صنعت، عالمی سلامتی اور انسانی امداد کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، توانائی کے تحفظ، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی میں مشترکہ منصوبوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے اور جدید آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔بیان کے مطابق یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ برطانیہ اور ترکیہ کے تعلقات مضبوط معاشی روابط، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر قریبی روابط پر مبنی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور دوستی کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔