ترکیہ میں 2100 سال پرانے جہاز سے ہزاروں ظروف برآمد
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے بحیرہ روم کے ساحل پر ادرسان کے قریب تقریباً 2100 سال پرانے بحری جہاز کے ملبے سے ہزاروں مٹی کے ظروف برآمد ہوئے ہیں، جن میں پلیٹوں، پیالوں اور ٹرے کی 122 مختلف اقسام اور جسامت کے نمونے شامل ہیں۔وزارت ثقافت و سیاحت کے مطابق صوبہ انطالیہ کے ساحلی علاقے ادرسان میں زیر آب کھدائی کا کام 2025 میں شروع کیا گیا تھا، جس کے دوران قدیم بحیرہ روم کی دنیا سے تعلق رکھنے والے مٹی کے برتن لے جانے والے تجارتی جہاز کے آثار دریافت ہوئے۔وزیر ثقافت و سیاحت مہمت نوری ایرسوئے نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ دریافت ہونے والے ظروف اس دور کے شاندار طرزِ ضیافت اور کھانے پینے کے ثقافتی انداز کی جھلک پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحیرہ روم کی گہرائیوں سے 2100 سال پرانے کھانے کے برتن منظر عام پر لائے جا رہے ہیں۔مہمت نوری ایرسوئے کے مطابق پلیٹوں، پیالوں اور ٹرے کی 122 مختلف اقسام اور جسامتیں اس دور کے پرتعیش طرزِ ضیافت کی عکاسی کرتی ہیں۔