اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں گزشتہ پانچ برس کے دوران خلیجی ممالک سے بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کر دیں۔دستاویز کے مطابق مختلف خلیجی ریاستوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 64 ہزار 788 پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب سے بے دخل کیے گئے جہاں گزشتہ پانچ برس میں ایک لاکھ 8 ہزار 29 افراد کو واپس بھیجا گیا۔اسی طرح متحدہ عرب امارات سے 40 ہزار 497، عمان سے 9 ہزار 814، قطر سے 2 ہزار 971، بحرین سے 2 ہزار 779 جبکہ کویت سے 698 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات میں مختلف وجوہات کی بنیاد پر بے دخلی کے اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے۔