کراچی…ملک میں سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ پر پابندی کے باعث لاکھوں ڈالرز کے آرڈرز رک گئے ہیں اور برآمدات شدید بحران کا شکار ہو گئی ہیں۔پاکستان جیمز جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایس آر او 760 کی معطلی کے بعد مارچ 2025 میں موصول ہونے والے آرڈرز بھی مکمل نہیں ہوسکے، جس کے نتیجے میں گزشتہ چار ماہ میں ایک گرام زیورات بھی برآمد نہیں ہوا اور ترسیلات زر کو 15 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔متحدہ عرب امارات کے خریداروں نے پاکستانی سفارتخانے کو مکتوب بھیجا اور ایڈوانس گولڈ کی واپسی اور واجبات کی ادائیگی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مجموعی طور پر 50 کلو ایڈوانس گولڈ، جس کی مالیت چھ ملین ڈالر ہے، اب ملک میں پھنس گئی ہے۔سابق چیئرمین حبیب الرحمن نے بتایا کہ 8 بڑے ایکسپورٹرز کے پاس 60 ملین ڈالر کے آرڈرز تھے، جو بھارت کے مقابلے میں حاصل کیے گئے تھے، تاہم ایس آر او 760 کی معطلی کے بعد یہ آرڈرز معطل ہوگئے اور غیر ملکی خریدار قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہے ہیں۔ایکسپورٹرز نے وزارتوں اور اعلی حکام سے کئی بار رابطہ کیا لیکن کئی ماہ گزرنے کے باوجود وعدے پورے نہیں ہوئے، جس سے پاکستان کی عالمی ساکھ خطرے میں پڑ گئی ہے۔
سونے کے زیورات کی برآمدات کا بحران: غیر ملکی خریدار 50 کلو ایڈوانس گولڈ کی واپسی کا مطالبہ
18