آذربائیجان …آذربائیجان کے نائب وزیر اور ڈائریکٹر جنرل برائے دفاع، عاقل گربانوف کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی دفاعی وفد نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جن میں تکنیکی مہارت، جدیدیت، اور تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ایئر چیف نے وفد کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے مضبوط برادرانہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے آذربائیجانی وفد کو پاک فضائیہ کے آپریشنل اسٹرکچر، اہداف اور مستقبل کی جنگی ضروریات کے تناظر میں جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ایئر چیف نے انسانی وسائل کی تربیت، آپریشنل ٹریننگ، اور مینٹیننس کے شعبے میں آذربائیجان کی فضائیہ کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔عاقل گربانوف نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی اعلی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقامی سطح پر حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ عسکری تعاون، بالخصوص مشترکہ تربیتی پروگراموں اور علمی تبادلے کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران، آذربائیجان کی جانب سے پاک فضائیہ کے ساتھ مل کر مشترکہ فضائی مشقوں کے انعقاد اور تربیتی اقدامات کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ مہمان خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان باہمی سیکھنے، تعاون اور مہارت کے فروغ کا مثر ذریعہ ہیں۔عاقل گربانوف نے خاص طور پر ملٹی ڈومین آپریشنز کے میدان میں تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے وسیع آپریشنل تجربات آذربائیجان کے لیے ایک رہنما ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان کی فضائیہ پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین وارفیئر حکمت عملی کو جامع انداز سے سیکھنا چاہتی ہے تاکہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آذربائیجان اپنی فضائیہ کے تربیتی نظام کو از سرِ نو ترتیب دینے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے پاک فضائیہ کو ایک قابل اعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون آذربائیجان کی فضائیہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور جدیدیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔وفد کا یہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی علامت ہے، بلکہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے مشترکہ مقاصد کو تقویت دینے کا عملی اظہار بھی ہے۔
آذربائیجان کا پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین وار فیئر کے حوالے سے حکمت عملی سیکھنے میں گہری دلچسپی کا ظاہر
20