اسلام آباد …پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر فلڈ ریلیف آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔ مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے باوجود سی-130 طیارے کے ذریعے 7 ٹن خشک راشن، اشیائے خورونوش اور ضروری ادویات نور خان ایئر بیس سے متاثرہ علاقے پہنچائے گئے۔ترجمان کے مطابق یہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے دور دراز کے علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا، تاکہ زمینی راستے بند ہونے کے باوجود متاثرہ خاندانوں تک بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کی امدادی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے 75 افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ یہ کارروائی انتہائی سرعت اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ سرانجام دی گئی جو ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے۔ترجمان کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی پاک فضائیہ کے طیارے اور زمینی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں گی اور متاثرہ خاندانوں تک خوراک، ادویات، عارضی رہائش اور طبی امداد پہنچائی جائے گی۔پاک فضائیہ کی بروقت اور پرعزم کارروائی نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے نئی امید پیدا کر دی ہے۔ یہ آپریشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افواج پاکستان ہر آزمائش کی گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں بڑا فلڈ ریلیف آپریشن، سیلاب زدگان تک 7 ٹن امدادی سامان اور 75 افراد محفوظ مقامات پر منتقل
19