اسلام آباد…وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور امریکا کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی ناظم الامور نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے وژن کے مطابق امریکی کمپنیاں پاکستان کے تیل و گیس اور معدنیات کے شعبے میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امریکی سفارتخانہ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر میں امریکی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط کو سہولت فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ حکومت پاکستان آنشور اور آفشور بلاکس کی بڈنگ رانڈ کا انعقاد کر رہی ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے شاندار مواقع فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس شیل آئل اور گیس سمیت وسیع مقامی وسائل موجود ہیں اور حکومت انہیں ٹھوس ذخائر میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ پاک امریکا کانٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کے بعد دونوں ممالک معاشی شعبے میں تعاون کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں۔نیٹلی بیکر نے اس عزم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستانی توانائی سیکٹر میں شراکت داری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور معلومات کے تبادلے کے ذریعے اس شعبے کی ترقی کو مزید تیز کیا جائے گا۔
پاکستان اور امریکا کا توانائی شعبے میں بڑے تعاون پر اتفاق امریکی کمپنیوں کی گہری دلچسپی
23