اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان 2 اگست کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ دورہ صدر کے سیاسی مشیر کی جانب سے تصدیق شدہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پزشکیان کا یہ دورہ اصل میں جولائی کے آخری ہفتے کے لیے طے تھا، تاہم اب وہ 2 اگست کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ گزشتہ دو برسوں میں پاکستان کا دورہ کرنے والے دوسرے ایرانی صدر ہوں گے۔
یاد رہے کہ اپریل 2024 میں، ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی نے بھی پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا تھا، جس کے دوران انہوں نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا دورہ کیا۔ یہ ان کا آخری غیر ملکی دورہ تھا کیونکہ ایک ماہ بعد ہی وہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
صدر پزشکیان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔