ترکیہ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق استنبول کے علاقے باکرکوی میں معروف خاتون ٹی وی اینکر اور گھڑ دوڑ کی ماہر تجزیہ کار ایسن گوک اپنے فلیٹ سے پراسرار حالت میں مردہ پائی گئیں۔ ان کے دوستوں نے 36 گھنٹے تک رابطہ نہ ہونے پر پولیس سے رابطہ کیا، جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے اور فلیٹ کا دروازہ توڑ کر ایسن گوک کی لاش برآمد کی۔
ترک اخبار “حریت” کے مطابق، ایسن گوک کے فلیٹ میں داخلے کی اجازت عمارت کے چوکیدار نے نہیں دی، جس پر ان کے قریبی دوستوں نے سیکیورٹی فورسز کو مطلع کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فلیٹ کے اندر سے ان کی لاش دریافت کی، جسے دیکھ کر ان کے لاکھوں مداح صدمے سے دوچار ہو گئے۔
اگرچہ حکام نے ان کی موت کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا، تاہم میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ امکان ہے ایسن گوک نے خودکشی کی ہو۔ پولیس ابتدائی تفتیش مکمل کرنے کے بعد حتمی رپورٹ جاری کرے گی۔
ایسن گوک کون تھیں؟
ایسن گوک ترکیہ کے صوبہ ازمیر میں پیدا ہوئیں اور وہ ملک کی پہلی خاتون بنیں جنہوں نے گھڑ دوڑ جیسے مردانہ سمجھے جانے والے کھیل پر ٹیلی وژن پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے سلیمان دیمیرل یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات (ریڈیو، ٹی وی، اور سنیما) سے تعلیم حاصل کی اور دورانِ تعلیم ہی مختلف مقامی ریڈیو اور ٹی وی چینلز میں کام کر کے تجربہ حاصل کیا۔
ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور منفرد اندازِ بیان نے انہیں گھڑ دوڑ کے شعبے میں ممتاز مقام دلوایا، جہاں وہ نہ صرف ماہر تجزیہ کار کے طور پر جانی جاتی تھیں بلکہ لاکھوں ناظرین کی پسندیدہ میزبان بھی تھیں۔