ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے مسئلہ فلسطین سے متعلق ترکیہ کے مؤقف پر لگائے جانے والے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں “مکمل طور پر بے بنیاد” قرار دیا ہے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ الزامات صرف عوام کو گمراہ کرنے اور سیاسی فوائد حاصل کرنے کی ایک کوشش ہیں۔
اتوار کے روز جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ فلسطین سے متعلق ترکیہ کی پالیسی ہمیشہ اصولی اور مستقل رہی ہے۔ وزارت نے کہا کہ کچھ عناصر سیاسی مقاصد کے تحت ترکیہ کی فلسطینی عوام کی حمایت کو مشکوک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے ہم سختی سے مسترد کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ترکیہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بالخصوص ایک خودمختار ریاست کے قیام کی مستقل حمایت کرتا ہے اور یہ مؤقف بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے۔
وزارتِ خارجہ نے عوام اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اور جھوٹے پروپیگنڈا سے محتاط رہیں، اور ترکیہ کی فلسطین پالیسی کو درست تناظر میں دیکھیں۔