اسلام آباد — وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و ریل تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔
بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ریلوے کی جدید خطوط پر ترقی کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان میں ریل نظام کو عالمی معیار کے مطابق استوار کیا جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ، سیکرٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف، ایس آئی ایف سی، این ایل سی، اسٹیٹ بینک اور وزارت بحری امور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
آذربائیجان کی ٹیم نے ڈپٹی چیئرمین عارف آغایف کی قیادت میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شمولیت اختیار کی۔
سیکرٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان ریل کے نیٹ ورک اور مستقبل کے سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریل معاہدے کے نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس سے علاقائی ریل رابطوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور لاجسٹک انٹیگریشن کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی جانب اہم قدم ہے۔